ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / سنگور زمین الاٹمنٹ پر سپریم کورٹ کافیصلہ تاریخی جیت:ممتابنرجی

سنگور زمین الاٹمنٹ پر سپریم کورٹ کافیصلہ تاریخی جیت:ممتابنرجی

Wed, 31 Aug 2016 21:12:09    S.O. News Service

کولکا تہ، 31؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے سنگور میں تحویل اراضی کے بارے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کو تاریخی فتح قراردیا ہے۔غورطلب ہے کہ ریاست میں ٹاٹا کی نینو کار پروجیکٹ کے لیے سنگور میں زمین تحویل میں لی گئی تھی ۔ممتا نے یہاں ریاستی سکریٹریٹ میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت میں کہاکہ سنگور پر سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی فتح ہے، اس فیصلے کے لیے ہم نے 10سال انتظارکیا ہے۔ممتا بنرجی نے اس تحویل اراضی کے خلاف ریاست کی سابقہ بائیں بازو حکومت کے خلاف بڑے پیمانے پر سیاسی مہم چلائی تھی جس کی وجہ سے ٹاٹا گروپ کو 2008میں اپنی اس پروجیکٹ کو چھوڑنا پڑاتھا ۔ممتا نے کہا کہ ان کی حکومت عدالت عظمی کا فیصلہ آنے کے بعد اب کسانوں کو ان کی زمین لوٹانے کے لیے جلد ہی انتظامات کرے گی۔جسٹس ارون مشرا اور وی گوپال گو ڑا کی بنچ کے آج کے فیصلے میں سنگور میں کی گئی تحویل اراضی کے عمل کو غلط قراردیا اور کہا کہ یہ تحویل اراضی عوامی مفاد میں نہیں تھی ۔عدالت نے کہا ہے کہ کسانوں کو ان کی زمین 12ہفتے کے اندر واپس کی جانی چاہیے۔ممتابنرجی نے کہاکہ شروع سے ہی ہم کہہ رہے ہیں کہ تحویل اراضی کا طریقہ ٹھیک نہیں ہے اور کسانوں سے زمین زبردستی لی گئی ہے۔ممتا نے کہا کہ تحویل اراضی کے خلاف اس وقت انہوں نے شہر میں بھوک ہڑتال کی تھی جو کہ 26دنوں تک چلی تھی۔


Share: